کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد وہاڑی کیمپس کے فیکلٹی ممبر محمد صہیب انور چوہدری نے عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل سن یان کی دعوت پر پاک چین تھنک ٹینک وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کیا
کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے فیکلٹی ممبر کی پاک چین تھنک ٹینک وفد میں شرکت
وہاڑی ۔ 31 اگست (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد وہاڑی کیمپس کے فیکلٹی ممبر محمد صہیب انور چوہدری نے عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل سن یان کی دعوت پر پاک چین تھنک ٹینک وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کیا۔ وفد میں ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شامل تھیں۔ دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی، تعلیمی، تحقیقی اور عوامی روابط کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ بیجنگ میں محمد صہیب انور چوہدری نے چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل، ڈیپارٹمنٹ آف ایشین افیئرز محترمہ کاو جِنگ سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
وفد نے پیکنگ یونیورسٹی اور فودان یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی قیادت، ڈینز اور فیکلٹی ممبران سے ملاقاتوں میں فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیق، تعلیمی تعاون اور بین الاقوامی مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد معروف شاہ نے محمد صہیب انور چوہدری کو وفد میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے روابط سے طلبہ اور فیکلٹی کے لیے تعلیمی و تحقیقی مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس شرکت کو کیمپس کے لیے اہم اعزاز اور پاک چین تعلیمی تعاون کے فروغ میں مثبت پیش رفت قرار دیا۔









