لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ پاکستان کا کاٹن سیکٹر معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے بشرطیکہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پائیدار اور معاون پالیسیاں بنائے۔
کاٹن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ پاکستان کے کاٹن سیکٹر نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے سے نقصان کے بعد اس سال شاندار بحالی حاصل کی ہے اور پیداوار میں اکہتر فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاٹن سیکٹر کی بحالی کا کریڈٹ وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور پنجاب کے وزیر توانائی، صنعت، تجارت، سرمایہ کاری ایس ایم تنویر کو جاتا ہے جنہوں نے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ کپاس ٹیکسٹائل سیکٹر کا بنیادی خام مال ہے جس کا ملک کی مجموعی برآمدات میں تقریباً 60 فیصد ہے۔