کبڈی ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد سپورٹس کے فروغ کیلئے بڑا اقدام ہے، صوبائی وزیر کھیل وزیر اعلیٰ عثمان بزدار 9 فروری کو کبڈی ورلڈ کپ کا افتتاح کرینگے، تمام ممالک کی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرینگے،رائے تیمور خان بھٹی پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ، یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، بہترین انتظامات ، شاندار مہمان نوازی اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، کپتانوںکا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور۔8 فروری(اے پی پی )صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں ہورہا ہے، سپورٹس کے فروغ کے لئے یہ بہت بڑا اقدام ہے، کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت، ایران، جرمنی، آسٹریلیا، انگلینڈ، آذربائیجان، سیرالیون اور کینیڈا کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل سپورٹس کی واپسی ہوگئی …

لاہور۔8 فروری(اے پی پی )صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں ہورہا ہے، سپورٹس کے فروغ کے لئے یہ بہت بڑا اقدام ہے، کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت، ایران، جرمنی، آسٹریلیا، انگلینڈ، آذربائیجان، سیرالیون اور کینیڈا کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل سپورٹس کی واپسی ہوگئی ہے،پنجاب حکومت کا انٹرنیشنل میراتھن کرانے کا بھی پروگرام ہے،پی ایس ایل 5بھی منعقد ہورہی ہے، کبڈی ورلڈکپ عظیم الشان ایونٹ ہے، حکومت پنجاب اس کے سکیورٹی انتظامات کررہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار 9فروری بروز اتوار کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں سہہ پہر4بجے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کا افتتاح کریں گے، افتتاحی تقریب رنگا رنگ ہوگی،پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء ہورہا ہے،بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گرلال سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہورہی ہے ، یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، کبڈی ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے، امید ہے اچھے مقابلے ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور سیکرٹری رانا محمد سرور ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے ہوٹل میں بھارتی کبڈی ٹیم کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا، پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان، آثار قدیمہ وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے،بھارت سمیت تمام ممالک کی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے ، یہ ہماری ذمہ داری ہے ، تمام سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے اور سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں، پنجاب سٹیڈیم لاہور میں 14میچز ہونگے، دو دن میچز فیصل آباد اور دو میچز گجرات میں ہوں گے، کھلاڑیوں کے روٹ اور سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ کا پاکستان میں انعقاد بین الاقوامی ٹیموں کا پاکستان میں اعتماد کا اظہار ہے، انشاء اللہ دیگر کھیلوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، پاکستان کے عوام سپورٹس سے محبت کرتے ہیں۔کبڈی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 9فروری بروز اتوار کوسہ پہر 4بجے پنجاب سٹیڈیم میں ہورہی ہے جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے ، اس موقع پر رنگا رنگ تقریب منعقد ہوگی، اختتامی تقریب کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مہمان خصوصی کی دعوت دی گئی ہے، امید ہے کہ وہ اختتامی تقریب میں آئیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنیوالی ٹیمیں پاکستان سے محبت کا پیغام لے کر جائیں گی،کھیل کے ذریعے دنیا کو امن کا پیغام دیں گے، کبڈی ورلڈ کپ میں شائقین کو اچھی کبڈی دیکھنے کو ملے گی۔ایک سوال کے جواب میںصوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان، آثار قدیمہ وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ قومی کبڈی ٹیم نے ورلڈ کپ کے لئے دوماہ تیاری کی ہے، اسلام آباد میں تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پرخاص توجہ دی گئی ہے ۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے کہاکہ تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ایک تاریخی موقع ہے، کبڈی ورلڈ کپ سے کبڈی کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا، انہوں نے پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے ہی کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد ممکن ہوا ہے، پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے تمام تر سہولتیں فراہم کی ہیں، چودھری شافع حسین نے کہا کہ دنیا کی 10بہترین ٹیمیں 9فروری کو میدان میں اتریں گی اور بہترین مقابلے ہوں گے، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کا کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈ کپ کے لئے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے مقابلوں کو شفاف بنانے کے لئے ریفری اور آبزرور مقرر کئے ہیں جو میچز کی نگرانی کریں گے۔بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گرلال سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں ہورہا ہے، یہاں آکر کر دلی خوشی ہوئی ہے اور یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے کانٹے کے مقابلے ہوتے ہیں، کبڈی کے مقابلوں میں بھی بھرپور جوڑ پڑے گا، ہم مکمل تیاری کے ساتھ آئے ہیں،ایرانی ٹیم کے کپتان علی سفری اور آذربائیجان کی ٹیم کے کپتان اور خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہت مہمان نوازی کی ہے ، یہاں بہت محبت ملی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھیں گے،انتظامات بہترین ہیں، پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان محمدعرفان نے کہا ہے کہ پاکستانی کبڈی ٹیم مضبوط ٹیم ہے جس میں شفیق چشتی جیسے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل ہیں،ہم نے بھرپور تیاری کی ہے، ہم امید کرتے ہیں اچھے مقابلے ہونگے۔بھارتی کبڈی ٹیم ہفتہ کے روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچی،آواری ہوٹل پہنچنے پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے بھارتی کبڈی ٹیم کا استقبال کیا۔