کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹیرف میں 5 فیصد مجوزہ اضافہ منجمد، تجارتی شعبے کو 500 ملین روپے کا ریلیف ملے گا، وفاقی وزیر بحری امور

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مالی سال 27 ۔ 2026 کے لیے مجوزہ 5 فیصد ٹیرف اضافے کو منجمد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور عوام کو مجموعی طور پر 500 ملین روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مالی سال 27 ۔ 2026 کے لیے مجوزہ 5 فیصد ٹیرف اضافے کو منجمد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور عوام کو مجموعی طور پر 500 ملین روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی اس پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے جس کا مقصد کاروباری برادری پر مالی بوجھ کم کرنا اور ملکی تجارت و برآمدات کو فروغ دینا ہے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بندرگاہیں پاکستان کی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں اور پورٹ چارجز میں کسی بھی اضافے سے کاروبار کی لاگت براہِ راست بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بلیو اکنامی وژن کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ٹیرف میں مجوزہ اضافہ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں اضافے کو منجمد رکھنے سے پاکستانی برآمدات عالمی منڈیوں میں اپنی مسابقت برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گی، جبکہ بندرگاہی سہولیات استعمال کرنے والے درآمد کنندگان کے اخراجات میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، برآمدی شعبے کو تقویت ملے گی اور موجودہ معاشی چیلنجز کے دوران قومی معیشت کو مثبت سہارا حاصل ہوگا۔