کراچی پولیس نے محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی آزاد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا،

کراچی۔4جون (اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی آزاد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں زونل ڈی آئی جی پیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز، مذہبی اسکالرز، جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے منتظمین اور دیگر نے شرکت کی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اجلاس میں موجود شرکاء نے محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی اقدامات، ٹریفک مینجمنٹ پلانز اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ مذہبی سکالرز اور منتظمین نے گزشتہ سالوں میں کیے گئے سیکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کے ساتھ ساتھ پولیس کی جانب سے کیے گئے تعاون کو سراہا اور مزید بہتری کیلئے متعدد سفارشات بھی پیش کیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سیز)اور اجازت ناموں پر موثر طریقے سے عمل درآمد کیا جائے، جبکہ سکیورٹی پلان کے مطابق جامع سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی اور علمائے کرام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آزاد خان نے امن و امان کو برقرار رکھنے اور محرم کے دوران شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے شرکا کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں محکمہ پولیس کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں