اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاکستان میں کرغزستان کے سفیر آواز بیک اتاخانوف نے جمعرات کو قومی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے مابین تکنیکی معاونت، تربیت، معلومات کے تبادلے اور میڈیا تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سفیر نے دو طرفہ خبروں کے تبادلے، جدید تربیت، استعداد کار اور ڈیٹا شیئرنگ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں تاکہ دونوں ممالک کے باہمی مفادات اور ممکنہ شعبوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر ”اے پی پی” کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ کرغز سفیر آواز بیک اتاخانوف نے بتایا کہ ”اے پی پی” اور کرغزستان کی خبر رساں ایجنسی’’کبار‘‘کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے تحت روزانہ خبروں کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں اداروں کو مزید سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو دونوں ممالک کی تاریخ، ثقافت اور مشترکہ ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کرغز حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے جدید سہولیات مہیا کرنے پر کام کر رہی ہے اور کرغزستان میں قدرتی حسن اور سیاحتی مواقع کی کمی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاسا 1000 منصوبہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کی توانائی کی ضروریات بڑی حد تک پوری ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کا علاقائی معاشی اور تجارتی انضمام میں کردار نہایت اہم ہے اور پاکستان کی جغرافیائی حکمت عملی کے لحاظ سے حیثیت کرغزستان کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان ایک کھلی معیشت ہے جو عالمی اور علاقائی منڈیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستانی سرمایہ کاروں کو کرغز مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کی یورو اکنامک زون تک رسائی کو آسان بنا سکتا ہے جس سے تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
کرغز سفیر نے کہا کہ کرغزستان کی فی کس جی ڈی پی 2025 میں تقریبا 3000 ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور گزشتہ چار سالوں سے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے، غربت میں کمی اور معیار زندگی میں بہتری کے اثرات معیشت پر مثبت پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، کان کنی، سیاحت، سونا اور زراعت جیسے شعبے کرغز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کی وجہ سے ملکی جی ڈی پی میں حالیہ برسوں میں 9 فیصد اضافہ ہوا اور رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ترقی کی شرح 13 فیصد رہی۔ انہوں نے بتایا کہ کرغزستان کے نائب وزیر اعظم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ معاشی تعاون کو فروغ ملے گا اور نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں گے۔
اس موقع پر ایم ڈی ”اے پی پی” محمد عاصم کھچی نے کرغز سفیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ”اے پی پی” اور ” کبار ” نیوز ایجنسی کے درمیان مزید روابط سے دونوں ممالک کے میڈیا ادارے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے میڈیا تعلقات مضبوط ہوں گے اور پاکستان و کرغزستان کے درمیان باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587365