اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے کم لاگت قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسانو ں کو کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، زرعی پیدوار میں اضافے کیلئے کم رقبے والے کسان کو عزت اور تکریم دینی ہوگی۔ منگل کووزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ …
کسانو ں کو کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا جائزہ اجلاس سےخطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے کم لاگت قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسانو ں کو کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، زرعی پیدوار میں اضافے کیلئے کم رقبے والے کسان کو عزت اور تکریم دینی ہوگی۔
منگل کووزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت زرعی ترقیاتی بنک کی اصلاحات اور کسانوں کے لئےقرضوں کے حصول میں آسانی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جار ی بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، مشیر وزیر اعظم محمد علی، وزراء مملکت بلال اظہر کیانی، عبدالرحمن کانجو، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد، رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر مشرف زیدی، احمد عمیر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو کم لاگت قرض کے حصول میں بیش بہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،چھوٹے پیمانے کے کسانوں کو زرعی ضروریات پوری کرنے کیلئے کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کی بہتری کیلئے اصلاحات کا نفاذ تیز کرنے اور چھوٹے پیمانے کے کسانوں کو آسان شرائط پر کم لاگت قرض کی فراہمی کیلئے نجی بنکوں کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ وہ زرعی ترقیاتی بنک اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات پر ہر تین ہفتے بعد اجلاس کی صدارت خود کریں گے۔اجلاس کو زرعی ترقیاتی بنک میں جاری اصلاحات، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نجی بنکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو قرض کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی گئی،اجلاس کو زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی کی بہتری اور قرضوں میں سہولت کیلئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔








