کسٹمز انفورسمنٹ رکھنی نے سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی،گاڑی سمیت تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے مالیت کی سگریٹس ضبط

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کے تحت فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) رکھنی نے کوئلہ کے نیچے چھپائی گئی غیرملکی سگریٹس کی ایک بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ ایف بی آر کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے رکھنی کے قریب ایک ہینو ٹرک رجسٹریشن نمبر TTD-853 کو روکا گیا …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کے تحت فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) رکھنی نے کوئلہ کے نیچے چھپائی گئی غیرملکی سگریٹس کی ایک بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔

ایف بی آر کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے رکھنی کے قریب ایک ہینو ٹرک رجسٹریشن نمبر TTD-853 کو روکا گیا جس میں بظاہر کوئلہ لدا ہوا تھا۔

تفصیلی تلاشی کے دوران غیرملکی سگریٹس کے 188 کارٹن برآمد ہوئے۔ ضبط شدہ سگریٹس کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 2کروڑ 35 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔

ضبط کی گئی اشیا اور ٹرک کی کل مالیت تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے بنتی ہے۔ضبط شدہ اشیا اور گاڑی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز گودام منتقل کر دیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ر کھنی انفورسمنٹ ٹیم کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے اورسمگلنگ کی روک تھام، قومی محصولات کے تحفظ اور ملک بھر میں قانونی تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔