لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے عالمی برداری سے بھر پور تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن نہ صرف پورے خطے بلکہ دنیا کیلئے بھی فائدہ مندہوگا ،پاکستان افغانستان سمیت کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا مگر امن کے خلاف بھارت کی سازشیں پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
اتوار کے روز اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے آج بھی بھارت کو امن برداشت نہیں ہورہا ،
کشمیر میں بھارت بے گناہ اور معصوم کشمیر یوں کیساتھ جو ظلم کر رہا ہے اسکی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی، وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل کرواتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کر ے کیونکہ خطے میں امن کے مکمل قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا بہت ضروری ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو وزیر اعظم عمران خان سمیت پوری پارٹی،اتحادی جماعتوں اور اراکین پنجاب اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور پنجاب میں صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں جو اقدامات موجودہ حکومت کے دورمیں ہوئے ہیں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی،
صحت کارڈ بھی پنجاب کے عوام کو دیا جارہا ہے، سندھ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھر پورتوجہ دے کیونکہ اس وقت سندھ کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں ۔ انتخابی اصلاحات کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ و فاقی حکومت پہلے دن سے اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر بات کر نے کی دعوت دے رہی ہے مگر بدقسمتی سے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے مسودے کو دیکھے بغیر ہی مذاکرات سے انکار کر رہی ہے،
الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو بھی اپوزیشن جماعتوں نے نہیں دیکھا اور اسکے خلاف بھی تنقید کی جا رہی ہے میں، اپوزیشن کو یہ غیر جمہوری رویہ اختیار کر نے کی بجائے انتخابی اصلاحات پر حکومت سے بات کر نی چاہیے ،شفاف انتخابات صرف انتخابی اصلاحات سے ہی ممکن ہوسکتے ہیں ۔
ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی تمام تر توجہ ملک میں معاشی استحکام اور ترقی پر مر کوز ہے ،ہم نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور آج پوری دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کر رہی ہے اب بھی ہماری حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے حکومت وسائل استعمال کر رہی ہے اور انشا اللہ عوام سے کیے جانیوالے وعدوں پر مکمل عمل کیا جائے گا اور ملک کو غر بت مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے بھی مکمل نجات دلائیں گے ۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں ترقی اور استحکام لانا حکومت کی اولین تر جیح ہے، انشا اللہ ہماری حکومت ملک کو کر پشن،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نہ صرف نجات دلائے گی بلکہ پاکستان کو مضبوط بنائے گی اور آئندہ عام انتخابات بھی عوام کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے حق میں آئیگا ۔