اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شہداء جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور شہداء جموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی ۔
پیر کو یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہداء جموں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔6 نومبر 1947 کو غاصب بھارتی فورسز اور ڈوگرا راج نے لاکھوں نہتے کشمیریوں کو شہید کیا ۔ انشاء اللہ شہداۓ جموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مسئلہ کشمیر حل ہوگا ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب اور جغرافیائی حثیت کو بدلنے کی متعدد بار مذموم کوششیں کی۔
انہوں نے کہا کہ غاصب بھارتی افواج نے آبادی کے تناسب کو بدلنے کیلئے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا ۔ بھارت کی کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں نا پہلے کامیاب ہوئی اور نا آئندہ ہوں گی ۔پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھے گا ۔مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کئے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں اور ان کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔