کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور اٹوٹ انگ ہے، پوری قوم نسل در نسل کشمیر کاز کی توثیق اور تائید کر رہی ہے، یوم یکجہتی کشمیر منانے کا واحد مقصد عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے، قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ پاکستانی قوم آج دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے تاکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا پیغام دیا جا سکے، عالمی برادری کو کشمیر کے معصوم لوگوں پر بھارت کے مظالم اور بربریت پر خاموشی توڑنی چاہیے، سابق بھارتی وزیر اعظم نہرو نے کشمیریوں کے ساتھ یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے تنازعہ کو حل کریں گے ۔

وزارت خارجہ ، امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقدہ یکجہتی واک سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور اٹوٹ انگ ہے، پوری قوم نسل در نسل کشمیر کاز کی توثیق اور تائید کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک نے ہمیشہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری مقامی تحریک کی حمایت کی ہے اور عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا واحد مقصد عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر کے معصوم لوگوں پر بھارت کے مظالم اور بربریت پر خاموشی توڑنی چاہیے۔کشمیریوں کی حمایت کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں تمام شعبہ ہائے زندگی بشمول حکام، طلباء، صحافی اور دیگر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق بھارتی وزیر اعظم نہرو نے کشمیریوں کے ساتھ یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ (یو این ایس سی) کی قراردادوں کے ذریعے تنازعہ کو حل کریں گے اور ہندوستانی حکومت کو اب اپنے سپریم لیڈر کا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں حمایت کرنے پر پاکستان اور اس کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا جائے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ظلم و ستم کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔

وزارت خارجہ سے شروع ہونے والی یکجہتی واک میں بڑی تعداد میں حکام، طلباء، صحافیوں اور شہریوں نے بھی شرکت کی اور ڈی چوک اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ پاکستان سویٹ ہوم کے طلباء نے سی ای او زمرد خان کی قیادت میں خصوصی طور پر شرکت کی۔شرکاء نے پلے کارڈز، بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، عالمی برادری خاموشی توڑے، کشمیری بین الاقوامی انصاف کے منتظر ہیں، مسئلہ کشمیر انسانی بحران بن چکا ہے اورپاکستان کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کشمیر کو بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی چاہیے، آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، پوری قوم کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے جیسے نعرے بھی لگائے۔واک کے دوران مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔