کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کو دنیا نے مسترد کر دیا، چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی مودی سرکار نے جو غیر قانونی اور غاصبانہ اقدام کیا وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخ میں ایک گولڈن چیپٹر کے …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی مودی سرکار نے جو غیر قانونی اور غاصبانہ اقدام کیا وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخ میں ایک گولڈن چیپٹر کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستانی قوم نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا۔رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل باب ہے، جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا، تب تک پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور سفارتکاری کا مرکزی ایجنڈا ہے۔انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح غزہ میں ظلم ہو رہا ہے، ویسا ہی ظلم کشمیر میں بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حریت رہنما یاسین ملک اور دیگر کشمیری قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

رانا قاسم نون نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس جرات و بہادری سے بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا، اس کی مثال نہیں ملتی، پوری دنیا نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کو دنیا اب مزید برداشت نہیں کرے گی۔ مودی سرکار کا بیانیہ دنیا نے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کی پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ہم ہر فورم پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔