کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے آئیکون سید علی گیلانی کی تیسری برسی اتوار کو منائی گئی

123

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):بزرگ حریت رہنما اور کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے آئیکون سید علی گیلانی کی تیسری برسی اتوار کو منائی گئی۔سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظر بندی کے دوران انتقال کر گئے، جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نظر بند تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) نے بھارت کے غیر قانونی طور پر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں سے حیدر پورہ قبرستان جانے کی اپیل کی ہے، جہاں سید علی گیلانی کو دفن کیا گیا ہے۔اے پی ایچ سی کی کال کو تمام آزادی پسند تنظیموں نے سپورٹ کیا ہے۔ اے پی ایچ سی نے ائمہ اور خطیبوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ آزادی کے حامی بزرگ رہنما اور دیگر کشمیری شہداء کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔مزید برآں، اے پی ایچ سی نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں پرامن مظاہرے بھی کریں۔