کمشنر بہاولپورکی زیرِ صدارت برن یونٹ، چلڈرن ہسپتال اور تھیلیسیمیا یونٹ کے قیام اور ان سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس
کمشنر بہاولپورکی زیرِ صدارت برن یونٹ، چلڈرن ہسپتال اور تھیلیسیمیا یونٹ کے قیام اور ان سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس

مزید خبریں
بہاول پور۔ 01 جولائی (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیرِ صدارت برن یونٹ، چلڈرن ہسپتال اور تھیلیسیمیا یونٹ کے قیام اور ان سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبوں کی پیش رفت، درکار وسائل، تعمیراتی امور سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر تنویر شاہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عبدالرحمن، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سر صادق محمد خان عباسی ہسپتال ڈاکٹر حامد خان،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سپرنٹنڈنگ انجینئر بلڈنگز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبے کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ برن یونٹ، چلڈرن ہسپتال اور تھیلیسیمیا یونٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ کمشنر نے زور دیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت، منظور شدہ ڈیزائن اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں میں حائل انتظامی یا تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے برن یونٹ، چلڈرن ہسپتال اور تھیلیسیمیا یونٹ سے متعلق مجوزہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
شرکاء کو منصوبوں کی لاگت، تعمیراتی مراحل، درکار سہولیات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف بہاولپور بلکہ ڈویژن بھر کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی، خصوصاً بچوں، برن کے مریضوں اور تھیلیسیمیا میں مبتلا افراد کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت اپنے علاقے میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے اور ہر مرحلے پر شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔








