ضلع خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست، جدید اور عوام دوست ٹرانسپورٹ وژن کے تحت ضلع خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ سروس کا افتتاح کیا

خانیوال ۔ 01 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست، جدید اور عوام دوست ٹرانسپورٹ وژن کے تحت ضلع خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ سروس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، اراکینِ صوبائی اسمبلی اصغر حیات ہراج اور چوہدری ضیاء الرحمٰن سمیت سرکاری افسران ,میڈیا نمائندگان اور معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پہلے مرحلے میں خانیوال، کبیروالا اور جہانیاں روٹس پر 9 جدید الیکٹرک گرین بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کبیروالا اور جہانیاں روٹس پر 84 جدید انتظار گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں۔جدید الیکٹرک گرین بسوں میں ایئرکنڈیشنڈ ماحول، وائی فائی، سی سی ٹی وی کیمرے، جدید ٹریکنگ سسٹم، آرام دہ نشستیں اور دیگر جدید سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس منصوبے سے شہریوں کو محفوظ، معیاری، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو جدید، معیاری اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ الیکٹرک گرین بس سروس ضلع خانیوال کے شہریوں کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے جو سفری سہولیات میں بہتری کے ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ الیکٹرک گرین بس سروس سے عوام کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفر کی سہولت میسر آئے گی، جبکہ جدید انتظار گاہوں کے قیام سے مسافروں کو مزید آسانیاں فراہم ہوں گی۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف اور اراکینِ صوبائی اسمبلی اصغر حیات ہراج اور چوہدری ضیاء الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے پایۂ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ الیکٹرک گرین بس سروس خانیوال کے لیے ایک تاریخی منصوبہ ہے جو جدید ٹرانسپورٹ، صاف ماحول اور عوامی سہولت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا دیگر روٹس پر بھی جلد بس سروس کا آغاز ہوگا ۔