سیکٹر F-14 اور F-15 کے نادہندگان کے مزید 13 پلاٹس منسوخ

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر F-14 اور F-15 کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 13 پلاٹس کی الاٹمنٹ اور ممبرشپ منسوخ کر دی ہے۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر F-14 اور F-15 کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 13 پلاٹس کی الاٹمنٹ اور ممبرشپ منسوخ کر دی ہے۔اتھارٹی کے مطابق وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ، سیکریٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایات پر سیکٹر F-14 اور F-15 میں ترقیاتی سرگرمیوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، الاٹیز کے مسائل کے حل اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کی ہدایات پر قائم خصوصی کمیٹی کی جانچ پڑتال اور سفارشات کی روشنی میں طویل عرصے سے واجب الادا اقساط جمع نہ کرانے والے مزید 13 الاٹیز کے پلاٹس فوری طور پر منسوخ کیے گئے ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل شفافیت، میرٹ اور مروجہ قوانین کے مطابق کیا گیا تاکہ منصوبے کی ترقی میں حائل مالی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق اس سے قبل بھی 2016ء سے مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 پلاٹس کی الاٹمنٹ اور ممبرشپ منسوخ کی جا چکی ہے۔

ہائوسنگ اتھارٹی نے تمام الاٹیز کو خبردار کیا ہے کہ بقایا جات کی جانچ پڑتال کا عمل مسلسل جاری ہے اور جو الاٹیز بار بار مواقع ملنے کے باوجود واجب الادا اقساط جمع نہیں کرا رہے، ان کے پلاٹس بھی بغیر کسی مزید مہلت کے منسوخ کر دیئے جائیں گے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سیکٹر F-14 اور F-15 کو جدید، ماحول دوست، پائیدار اور مثالی رہائشی منصوبوں کے طور پر مکمل کیا جائے گا۔

اعلامیہ میں بروقت اقساط جمع کرانے والے الاٹیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہی کے تعاون سے ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے جبکہ آئندہ بھی تمام انتظامی اور ترقیاتی امور میں شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔