گلگت میں خودساختہ مہنگائی کے خلاف کارروائی، 8 تاجرجیل منتقل

ضلعی انتظامیہ گلگت نے خودساختہ مہنگائی، زائد منافع خوری اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ تاجروں کو گرفتار کروا کر جیل بھجوا دیا ہے

گلگت۔ 01 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ گلگت نے خودساختہ مہنگائی، زائد منافع خوری اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ تاجروں کو گرفتار کروا کر جیل بھجوا دیا ہے۔بدھ کے روز اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عادل علی کی نگرانی میں میونسپل انسپکشن ٹیم نے شہر کی مختلف سبزی منڈیوں اور چکن شاپس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد نہ کرنے والے آٹھ تاجروں کو سیکٹر مجسٹریٹ محمد طاہر نے میونسپل فورس کے ذریعے گرفتار کرکے مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی عدالت میں پیش کیا۔عدالت میں جرم ثابت ہونے پر مجسٹریٹ فرسٹ کلاس قدیر رانا نے تمام آٹھ تاجروں کو پانچ، پانچ روز قید کی سزا سنائی۔

اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عادل علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی، ناجائز منافع خوری یا خودساختہ مہنگائی کے مرتکب تاجروں کے خلاف اپنی شکایات الفا کنٹرول روم کے نمبر 920724 پر درج کرائیں تاکہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں مجسٹریٹس اور میونسپل فورس پر مشتمل خصوصی ٹیم شہر بھر میں مسلسل چھاپہ مار کارروائیاں کر رہی ہے، جن کا مقصد سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنانا، ناجائز منافع خوری کا خاتمہ اور عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا ہے۔

 

مزید خبریں