کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کا جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

"کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ادارے کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، مالی امور اور بجٹ 2026-27 سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔”

راولپنڈی۔ 01 اگست (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی زیر صدارت آرڈی اے کانفرنس روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، مالی امور اور بجٹ 2026-27 سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کے زیر تکمیل مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار، شفافیت اور منظور شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بلاجواز تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر منصوبے کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے شہر میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید شہری سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر مؤثر عملدرآمد کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں آر ڈی اے کے مالی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے ڈائریکٹر فنانس اور تمام متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مالی سال 2026-27 کا آر ڈی اے بجٹ فوری طور پر حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بجٹ کی تیاری میں شہر کی ترقیاتی ضروریات، مالی نظم و ضبط، شفافیت اور دستیاب وسائل کے مؤثر اور دانشمندانہ استعمال کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بجٹ کی تیاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے باہمی رابطے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے۔ کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ، باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو یقینی بنائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور دستیاب وسائل کا بہترین استعمال ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ، بروقت فیصلے، جوابدہی کے مؤثر نظام اور انتظامی و مالیاتی قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد ہی ادارے کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور عوام کو معیاری، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کی ضمانت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ڈی اے حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق منصوبہ بند شہری ترقی، جدید شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔

مزید خبریں