کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں متوقع بارشوں اور مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت متوقع بارشوں اور مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 04 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں متوقع بارشوں اور مون سون سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس، محکمہ آبپاشی، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متوقع شدید بارشوں کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی علاقے میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا نہ ہونے دی جائے۔کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ نالہ لئی سمیت تمام بڑے اور چھوٹے نالوں، ڈرینز اور آبی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ برساتی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور بارش کے دوران پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جائے۔ تمام ادارے اپنی مشینری، واٹر پمپس، افرادی قوت اور ہنگامی سامان کو مکمل طور پر فعال حالت میں رکھیں۔
کمشنر راولپنڈی نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال رکھا جائے اور عوام کو بروقت معلومات اور حفاظتی ہدایات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام فیلڈ افسران بارش کے دوران متحرک رہیں، حساس مقامات کا مسلسل دورہ کریں اور روزانہ کی رپورٹ کمشنر آفس کو ارسال کریں۔ شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔








