"آر ڈی اے کے ہائی کورٹ میں زیرِ التواء مقدمات پر مؤثر پیروی اور بروقت قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔” — کمشنر راولپنڈی
کمشنر راولپنڈی کا آر ڈی اے کے ہائی کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 27 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت آر ڈی اے کانفرنس روم میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں راولپنڈی ہائی کورٹ میں آر ڈی اے کے زیرالتواء مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی نے جاری عدالتی مقدمات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آر ڈی اے کے لاء آفیسر اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیر التواء مقدمات کی جلد سماعت اور بروقت تصفیے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتوں میں بروقت جوابات جمع کرائے جائیں، متعلقہ ڈائریکٹوریٹس کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے اور عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے تاکہ مقدمات غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہوں۔ کمشنر راولپنڈی نے مزید ہدایت کی کہ ہر مقدمے کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ادارے کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری قانونی اور انتظامی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کے باعث عدالتی کارروائی میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی منصور احمد خان، ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی زینیا ہمایوں، چیف پلانر آر ڈی اے، ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے، ڈائریکٹر انجینئرنگ آر ڈی اے، لاء آفیسر آر ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر راولپنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی تمام زیر التواء عدالتی مقدمات کی مؤثر قانونی پیروی، بروقت کارروائی اور قانون کے مطابق جلد از جلد تصفیے کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی، تاکہ ادارے کے مفادات کا تحفظ، شفاف طرز حکمرانی اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔








