کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہولی فیملی ہسپتال میں جاری واسا کے کام، راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
کمشنر راولپنڈی کا ہولی فیملی ہسپتال ، راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 06 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہولی فیملی ہسپتال میں جاری واسا کے کام، راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، سی او میونسپل کارپوریشن، آر ڈی اے،واسا، آئیسکو، سوئی گیس اور دیگر اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہولی فیملی میں جاری کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو پریشانی سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید، صاف ستھرا اور خوبصورت کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام کام مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر مرحلے کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راجہ بازار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ مجموعی طور پر 82 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کے تحت سول ورک 76 فیصد، آئیسکو لائنوں کی منتقلی 96 فیصد، سوئی گیس لائنوں کی منتقلی 99 فیصد، پی ٹی سی ایل لائنوں کی منتقلی 98 فیصد اور واسا لائنوں کا کام 99 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔اسی طرح کمرشل مارکیٹ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ مجموعی طور پر 77 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کے تحت سول ورک 63 فیصد، آئیسکو لائنوں کی منتقلی 99 فیصد جبکہ پی ٹی سی ایل لائنوں کی منتقلی 100 فیصد مکمل کی جا چکی ہے۔کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فٹ پاتھوں، نکاسی آب کے نظام، سٹریٹ فرنیچر، سائن ایج، لینڈ سکیپنگ اور صفائی ستھرائی کے تمام امور کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران عوام کو کم سے کم مشکلات پہنچانے کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔








