کمشنر راولپنڈی کی وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026ء کی رجسٹریشن تیز کرنے کی ہدایت

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026ء کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لینے اور اس میں تیزی لانے کے حوالے سے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز اور مختلف اضلاع کے نمائندگان نے شرکت کی

راولپنڈی۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026ء کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لینے اور اس میں تیزی لانے کے حوالے سے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز اور مختلف اضلاع کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی وحید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 134,018 رجسٹریشنز مکمل ہو چکی ہیں، جن میں سیکنڈری سکولز کی 84,512، مڈل سکولز کی 30,679، کالجز کی 15,732، یونیورسٹیز کی 2,363 اور اسپیشل پرسنز کی 732 رجسٹریشنز شامل ہیں۔

ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق اٹک میں 38,027، راولپنڈی میں 33,757، چکوال میں 33,700، جہلم میں 27,682 اور مری میں 852 رجسٹریشنز مکمل ہو چکی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کاشف حسین نے تمام فوکل پرسنز کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لاتے ہوئے آئندہ تین روز میں نمایاں پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس خصوصی اقدام کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے فعال کردار ادا کریں اور رجسٹریشن کی پیش رفت کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کرتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔