ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز جنید عالم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا

راولپنڈی۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز جنید عالم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے کنٹینرز کی مزید فراہمی، جنگلی جڑی بوٹیوں کے لیے کٹنگ مشینوں کی دستیابی اور نجی طور پر کوڑا کرکٹ جمع کرنے والوں کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ ویلج کونسلز کو فعال بنانے، گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی مہم کو مؤثر بنانے اور جی ٹی روڈ کے علاقے میں صفائی کے مکمل اور مربوط نظام کو یقینی بنانے کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے صفائی کے نظام میں بہتری لائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے اور ستھرا پنجاب پروگرام کے مقاصد کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔