کمشنر ساہیوال کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ زراعت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس

کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ زراعت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

چیچہ وطنی۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ زراعت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عدنان رشید، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد طارق اسماعیل، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حق نواز علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک فہد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول شکیل احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اویس نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ زراعت کے تمام فیلڈ افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور کسانوں و مویشی پال حضرات کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ جعلی زرعی ادویات اور جعلی بیج فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف مثر کارروائی کی جائے، خلاف ورزی کے مرتکب ڈیلرز کے لائسنس منسوخ اور قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں۔

کمشنر نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران اور فیلڈ سٹاف کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سلاٹر ہاؤس میں لائیو سٹاک کے ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور ذبح ہونے والے جانوروں کا معائنہ اور ذبح کا عمل ان کی نگرانی میں مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ زراعت پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس لیے حکومتی اقدامات اور سہولیات کے ثمرات براہ راست کسانوں، مویشی پال حضرات اور شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے انفورسمنٹ افسران کو بھی فیلڈ میں مثر نگرانی جاری رکھنے اور قانون پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔