سرگودھا ۔ 17 اپریل (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہیمو فیلیا ڈے پر سندس فائونڈیشن میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)و چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمر فاروق ، چیف آفیسرایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران اور چیف ایگزیکٹو آفیسرہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر بھی اُن کے ہمراہ تھیں۔ کمشنر نے ہیموفیلیا مرض میں مبتلاء بچوں اور اُن کے والدین سے ملاقات کی اور اُن کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہر سال 17 اپریل 20225ء کو دُنیا بھرمیں عالمی یومِ ہیموفیلیا منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ہیموفیلیا اور دیگر خون بہنے کے امراض کےبارے میں آگاہی پیدا کرناہے۔
یہ دن ان افراد کی مشکلات کو اُجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ان بیماریوں کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد ان مریضوں کےلئے بہتر تعلیم، شعور اور زندگی بچانے والے علاج تک رسائی کی ضرورت کو اجاگر کرناہے۔ مزید بتایا گیا کہ امسال یہ دن منانے کا موضوع ’’گرلز اینڈ ویمن بلیڈ ٹو۔ہیموفیلیا خواتین اور مردوں میں یکساں پائی جانے والی بیماری ‘‘ہے لیکن زیادہ تر خواتین میں اس کی تشخیص ہی نہیں ہوپاتی کیونکہ انکی طبی سہولتوں تک رسائی محدود ہے۔ اس سال یوم ہیموفیلیا پر عوامی آگاہی دی جا رہی ہے ،خواتین بھی اس سے متاثر ہوسکتی ہیں لہذا ان کو نظر انداز کرنے کی بجائے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔
تاریخی طور پر ہیموفیلیا کو مردوں کی بیماری سمجھا جاتا رہا ہے کیونکہ یہ ایک ایکس کروموسوم لنکڈ موروثی مرض ہے لیکن خواتین بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہیں ،خاص طور پر اگر وہ دونوں والدین سے یہ جین حاصل کریں یا کیریئر ہوں۔ ان خواتین کو عموماً کم تشخیص، کم سہولیات اور خاص نوعیت کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے جنہیں اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ سندس فائونڈیشن سرگودھا سنٹر ہیموفیلیا کے 35، تھیلسیمیا کے 167 جبکہ دیگر انتقال خون کے 27 مریضوں کو انتقال خون کی مفت سروس فراہم کررہاہے۔