کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کا محرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

محرم الحرام کے سلسلے میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کا امام بارگاہوں اور جلوس روٹس کا دورہ

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان نے پیر کے روزمحرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔

تر جمان ڈی آئی خان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اہم اور اعلیٰ سطحی دورے کے موقع پرڈپٹی کمشنر ڈیرہ حکمت اللہ وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ضیاء الدین احمد، نعمان خان ایس پی سٹی ڈاکٹر حامد و سجاد بلوچ اسسٹنٹ کمشنر ز، ڈی ایس پی سٹی،چیئرمین امن کمیٹی عبدالحلیم قصوریہ سمیت دیگر سول حکام بھی موجود تھے۔دورہ کے دوران ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد نے کمشنر ڈیرہ کو محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات پر پولیس کی نفری کی تعیناتی،سی سی ٹی وی کیمروں کی انسٹالیشن، اور روٹس کی ناکہ بندی سمیت سکیورٹی کے فول پروف پلان پر بریفنگ دی۔کمشنر ڈیرہ نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور متولیان سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور سکیورٹی سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے منتظمین کو یقین دلایا کہ انتظامیہ اور پولیس عزاداروں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین امن کمیٹی عبدالحلیم قصوریہ اور دیگر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔کمشنر داود خان نے مختلف پوائنٹس پر ڈیوٹی پر مامور پولیس کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے حوصلے بلند کیے۔ کمشنر نے جوانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتہائی حساس معاملہ ہے۔ تمام جوان انتہائی الرٹ رہ کر فرائض سرانجام دیں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھیں۔