کوئٹہ بلاک میں 5 سے 10 سال کی عمر کے تقریبا 3 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو سے بچا ئو کی بوسٹر ویکسین پلانے کے لیے پانچ روزہ مہم شروع ہو گئی جس کے دوران تقریبا 1,200 ویکسینیشن ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔
کوئٹہ بلاک میں 3 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو بوسٹر ویکسین پلانے کی 5روزہ مہم شروع ہوگئی
کوئٹہ۔ 31 اگست (اے پی پی):کوئٹہ بلاک میں 5 سے 10 سال کی عمر کے تقریبا 3 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو سے بچا ئو کی بوسٹر ویکسین پلانے کے لیے پانچ روزہ مہم شروع ہو گئی جس کے دوران تقریبا 1,200 ویکسینیشن ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔
پیر کو مہم کا افتتاح سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن اور ای او سی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کوئٹہ میں کیا۔انعام الحق کے مطابق مہم میں کوئٹہ بلاک کے ہائی رسک اضلاع کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین اور برشور شامل ہیں۔ پانچ روزہ مہم کے دوران اسکولوں اور مدارس میں 5 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کو فریکشنل اِن ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین (ایف آئی پی وی) کے ٹیکے اور اورل پولیو ویکسین (او پی وی) کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انعام الحق نے بتایا کہ مہم کا مقصد بچوں میں پولیو وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بنانا اور انہیں اضافی تحفظ فراہم کرنا ہے، خصوصا ً ایسے وقت میں جب خطے میں پولیو وائرس کی گردش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بڑے عمر کے بچوں میں پولیو کیسز رپورٹ ہونے اور کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث اضافی حفاظتی مہم شروع کی گئی ہے جبکہ سرحد پار سے وائرس کی ممکنہ منتقلی کے پیش نظر بھی بچوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔









