"گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے لیے جیری ویزا کورئیر سروس بہت جلد باضابطہ طور پر کوئٹہ سے اپنی خدمات کا آغاز کرے گی۔”
کوئٹہ سے بہت جلد جیری ویزا کورئیر سروس باضابطہ طور پر خدمات کا آغاز کرے گی، گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کراچی۔ 03 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے لئے بہت جلد جیری ویزا کورئیر سروس باضابطہ طور پر کوئٹہ سے خدمات کا آغاز کرے گی۔
انہوں نے کراچی میں جیری ویزہ کورئیر سروس کے سربراہ اکرم ولی اور جہانداد خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں جیری ویزا کورئیر سروس کا قیام بلوچستان میں عوامی سہولیات کی فراہمی، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس نئی سہولت کے آغاز سے بلوچستان کے عوام کو دنیا کے 50 سے زائد ممالک جن میں یورپ، امریکا، ایشیا اور دیگر خطے شامل ہیں کےلئے کوریئر اور ویزا دستاویزات کی ترسیل کی سہولت مقامی سطح پر میسر آئے گی۔ اس سے قبل کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع کے شہریوں کو ان خدمات کے حصول کے لئے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے انہیں اضافی وقت، سفری اخراجات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اب درخواست گزار اپنے ویزا اور دیگر متعلقہ دستاویزات کوئٹہ میں ہی جمع کرا سکیں گے جہاں سے انہیں متعلقہ سفارت خانوں اور قونصل خانوں تک محفوظ اور منظم انداز میں پہنچایا جائے گا۔ اس اقدام سے شہریوں کو نہ صرف بہتر سہولت میسر آئےگی بلکہ ان کے قیمتی وقت اور اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام صوبے کے عوام، طلبہ، تاجروں اور بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کےلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا اور بلوچستان کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








