کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکھلاڑیوں کی کینسر سے متاثرہ بچوں سے ملاقات

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکھلاڑیوں نے آرام کے دن کو بامقصد بناتے ہوئے کینسر سے متاثرہ بچوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ٹیم انتظامیہ نے انڈس ہسپتال کے زیرِ علاج بچوں کو ایک ہوٹل میں مدعو کیا جہاں کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ خوشگوار لمحات شیئر کیے۔

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکھلاڑیوں نے آرام کے دن کو بامقصد بناتے ہوئے کینسر سے متاثرہ بچوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ٹیم انتظامیہ نے انڈس ہسپتال کے زیرِ علاج بچوں کو ایک ہوٹل میں مدعو کیا جہاں کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ خوشگوار لمحات شیئر کیے۔

اس موقع پر ٹیم کے مالک حسن عمر، منیجر اعظم خان، فراز مقبول اور کھلاڑی ابرار احمد، عثمان طارق، ریلی روسو، بین میک ڈرموٹ اور بسم اللہ خان بھی موجود تھے۔ بچوں کو انڈس ہسپتال کی نمائندہ عفیفہ اور نفیسہ کی نگرانی میں ہوٹل لایا گیا۔بچے اپنے پسندیدہ کرکٹ اسٹارز سے مل کر بے حد خوش نظر آئے جبکہ کھلاڑی بھی اس ملاقات کے دوران جذباتی ہو گئے۔

تقریب میں لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا، شاہین شاہ آفریدی اور سکندر رضا نے بھی شرکت کی اور بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران حسن عمر نے بچوں میں ٹیم کیپس اور تحائف تقسیم کیے، جس سے ان کے چہروں پر خوشی کی جھلک نمایاں تھی۔ یہ ملاقات کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی جانب سے بچوں کی جلد صحت یابی کی دعاوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جو کھیل اور انسانیت کے خوبصورت امتزاج کی عکاسی کرتی ہے۔