کوئی ملک اپنی معیشت کو اس وقت تک پائیدار بنیادوں پر ترقی نہیں دے سکتا جب تک اس کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مضبوط نہ ہوں، ہارون اختر خان

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہےکہ کوئی ملک اپنی معیشت کو اس وقت تک پائیدار بنیادوں پر ترقی نہیں دے سکتا جب تک اس کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مضبوط نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے نمائندہ کلسٹرز سے …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہےکہ کوئی ملک اپنی معیشت کو اس وقت تک پائیدار بنیادوں پر ترقی نہیں دے سکتا جب تک اس کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مضبوط نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے نمائندہ کلسٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایکٹنگ سی ای او سمیڈا نادیہ، وزارت صنعت و پیداوار کی ایڈیشنل سیکرٹری اور معاون خصوصی کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے وزیراعظم شہباز شریف کا وژن برائے مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہدف ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت اور عالمی مسابقت میں اضافہ ہو۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمجھتے ہیں کہ چھوٹے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو روزگار کے مواقع پیدا کرتے اور برآمدات کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خواتین کی کاروباری شمولیت اور ہنرمندی کے ذریعے جامع معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ کوئی ملک اپنی معیشت کو اس وقت تک پائیدار بنیادوں پر ترقی نہیں دے سکتا جب تک اس کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مضبوط نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بینکوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کر کے بہترین کاروباری طریقہ کار متعارف کرا رہی ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ڈی-8 ممالک کے درمیان ایس ایم ای تعاون کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

ایس ایم ای نمائندگان نے وزارت صنعت و پیداوار کی کاوشوں کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف اور ہارون اختر خان کی جانب سے ایس ایم ای سیکٹر کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔نمائندگان نے خیبر پختونخوا کے فرنیچر سیکٹر کے لیے حکومتی مدد کی ضرورت اور صوبے کے شہد کے شعبے میں بے پناہ برآمدی امکانات کو اجاگر کیا۔

ہارون اختر خان نے یقین دلایا کہ سمیڈا شہد کے کاروبار اور پیکجنگ کے فروغ کے لیے سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی بینکنگ، مالی معاونت اور فنڈنگ کے بہتر نظام سے ایس ایم ایز کی ترقی ممکن ہوگی۔ سمیڈا تکنیکی معاونت اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے ذریعے ایس ایم ایز کو مضبوط بنائے گا تاکہ وہ علاقائی اور عالمی سطح پر موثر مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے خیبر پختونخوا کے ایس ایم ایز کی کارکردگی کو سراہا جو چیلنجز کے باوجود شاندار کام کر رہے ہیں اور ہدایت کی کہ صوبائی حکومت سے رابطہ بڑھا کر صنعتی اسٹیٹس کے قیام کے اقدامات تیز کیے جائیں۔انہوں نے سمیڈا کو ہدایت جاری کی کہ ایس ایم ایز کی مصنوعات کے ڈیزائن اور ویلیو ایڈیشن میں مدد کے لیے انجینئرز اور ڈیزائنرز فراہم کرے۔

مزید خبریں