اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا مقصد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے، یہ رضاکار ملک بھر میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام میں بھی کردار ادا کریں گے، ان اقدامات سے آئندہ آنے والی وباو¿ں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ ان …
کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا مقصد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا مقصد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے، یہ رضاکار ملک بھر میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام میں بھی کردار ادا کریں گے، ان اقدامات سے آئندہ آنے والی وباو¿ں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں ٹائیگر فورس کے قیام کے سلسلہ میں ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار، رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک خرم علی خان، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، سیاسی قیادت اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پاکستان بھر میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے، یہ فورس تمام رفاہی کاموں میں انتظامیہ کی مدد کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کےلئے بھی کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے تمام ارکان غیر سیاسی ہوں گے اور خالصتاً رضاکارانہ بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے قومی اتحاد کو فروغ ملے گا اور آئندہ آنے والی وباو¿ں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ ٹائیگر فورس کے اراکین موجودہ حالات میں عوامی فلاح و بہبود کا کام کرکے خدمت کر رہے ہیں،جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی اور خوشحالی آئے گی۔ملک امین اسلم نے ٹائیگر فورس کے ارکان کو اپنی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اوراس عزم کا ارادہ کیا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے ملک میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے ٹائیگر فورس کے اراکین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ فورس کو یو سی کی سطح تک متحرک کیا جائے گا اور یہ فورس مختلف حکومتی اقدامات کے سلسلے میں انتظامیہ کا ساتھ دے گی۔ ہر یو سی میں دیہاڑی دار مزدور کی رجسٹریشن کی جائے گی جس کے ذریعے اس کی مالی امداد کی جائے گی۔ اسی طرح ضلع اٹک میں احساس کفالت پروگرام کے تحت قائم 24 سینٹرز پر بھی ٹائیگر فورس اپنی ذمہ داریا ں ادا کرے گی۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ یہ فورس ملک بھر میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت 10ارب درخت لگانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس موقع پر ٹائیگر فورس کے ارکان سے حلف بھی لیا۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی تقدیر بدلنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کےلئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام سے کورونا وائرس کو شکست دینے میں مدد ملے گی اور اس کے ساتھ اخوت اور بھائی چارے کی بہترین مثال قائم ہو گی۔ ٹائیگر فورس کی سرگرمیوں سے عوام کوزندگی کے تمام شعبوں میں مدد حاصل ہوگی جس سے معاشرہ مثبت سمت میں ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہونگے۔ٹائیگر فورس کے اراکین سے حکومتی اور انتظامی سطحوں پر رابطہ جاری رہے گا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے موجودہ حالات سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔عثمان ڈار نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ایک آواز پر دو ہفتے کے دوران 10 لاکھ پاکستانیوں نے ٹائیگر فورس کےلئے رجسٹریشن کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ملک کے نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کےلئے کوشاں ہیں اور اسی لئے پاکستان میں کامیاب جوان پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ موجودہ حالات میں 17 ہزار میڈیکل ورکرز نے اپنی خدمات پیش کیں۔اس کے علاوہ احساس کفالت پروگرام،احساس لیبر پروگرام جاری ہیں۔ احساس لیبر پروگرام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گااور اس کے ساتھ مالی امداد بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک اپیل پر کورونا ریلیف فنڈ میں 3 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں اور اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے ضلع بھر میں ٹائیگر فورس کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں اس فورس سے باقاعدہ کام لینا شروع کردیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ضلع بھر میں ٹائیگر فورس میں 8223 افراد رجسٹرڈ ہوئے جن میں 400 خواتین شامل ہیں،جن کو یوٹیلٹی سٹورز، راشن کی تقسیم، احساس کفالت پروگرام اور دیگر جگہوں پر تعینات کیا جائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے ٹائیگر فورس کے عظیم جذبہ کو سلام پیش کیا۔ آخر میں فورس کے اراکین میں فیس ماسک اور سینیٹائیزر تقسیم کئے گئے۔









