اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان رات گئے ہونے والی تازہ جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا امریکا ایران جھڑپوں پر تشویش کا اظہار ، فریقین سے تحمل کی اپیل
اقوام متحدہ ۔3ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان رات گئے ہونے والی تازہ جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جاری بیان میں کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے جن میں ایران میں ایک شادی کی تقریب کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کا واقعہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے شہریوں کے خلاف تمام حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریق بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پابندی کریں۔
ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریش نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات اور بیان بازی سے گریز کریں جن سے پہلے ہی انتہائی کشیدہ صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مزید کشیدگی کے شہریوں، خطے اور اس سے باہر کے علاقوں کے لیے تباہ کن نتائج ہوسکتے ہیں جبکہ خطے کی فضائی حدود اور اہم بحری تجارتی راستے بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
دوجارک نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی نے شہریوں کو شدید متاثر کیا اور خطے میں انسانی ضروریات اور امدادی کارروائیوں پر مزید دباؤ بڑھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خلیج میں کشیدگی ایسے وقت میں مزید خرابی کا باعث بن سکتی ہے جب انسانی امدادی کارروائیاں پہلے ہی وسائل کی کمی اور شدید دباؤ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر سفارت کاری کی طرف واپس آئیں کیونکہ جامع اور پائیدار حل صرف بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔









