ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کا تیسرے گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام، عمرہ زائرین کا تیسرا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا
ریاض۔3ستمبر (اے پی پی):ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کا تیسرے گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے گزشتہ روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا کہ تیسرے گروپ میں شامل 23 افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے 250 افراد مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔ اس گروپ میں مصر، مراکش، تیونس، الجزائر، سینیگال، گنی، کیمرون، نائیجیریا، گھانا، نائیجر، ایتھوپیا، روانڈا، موریطانیہ، آئیوری کوسٹ، برکینا فاسو، چاڈ، تنزانیہ، جنوبی افریقا، زیمبیا، نمیبیا، انگولا اور مالی کے زائرین شامل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے عمرہ زائرین کے لیے ایک جامع پروگرام تیار کیا ہے جس میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس، مسجد قبا، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کے ساتھ کنگ عبدالعزیز فیکٹری (کسوہ)، غار حرا کلچرل ڈسٹرکٹ اور دیگر مقامات کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ممالک سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔ یہ دورہ وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔









