کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے میڈیا آگاہی کے ذریعے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے میڈیا آگاہی کے ذریعے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جو لائق تحسین ہے، اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے میڈیا کو اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں، موجودہ صورتحال میں افراتفری اور ہیجان سے بچنا ضروری ہے۔ زیادہ باخبر رہنا ہے تاکہ اتحاد و یکجہتی سے اس وائرس کا مقابلہ کیا جا سکے۔ منگل کو معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میڈیا کا سارے عمل میں کلیدی کردار ہے، بیماری کی علامات، اس کے ممکنہ علاج اور بچائو کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ ہم سب اپنا اور ایک دوسرے کا خیال رکھ سکیں، خود اس بیماری سے محفوظ رہیں اور اپنے پیاروں کو بھی اس وباء سے بچا سکیں۔افواہوں پر کان ہرگز نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کا منبر اور امام کی آواز اس بین الاقوامی چیلنج سے مقابلے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر سکتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اس اہم قومی فریضہ میں علماء کے مرکزی کردار کیلئے وزارت مذہبی امور کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔