کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے اشتراک سے یو این آفس برائے پراجیکٹ سروسز کا واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ پراجیکٹ مکمل ہوگیا، منصوبے سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے

142
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) اور یو این آفس برائے پراجیکٹ سروسز (یو این او پی ایس) پاکستان کا پانی کے معیار کو جانچنے کا مشترکہ منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے 35 اضلاع، خیبر پختونخوا کے 8 ڈویژنز اور اسلام آباد میں پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) اور پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک-ای پی اے) کی لیبارٹریز کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کو واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز پر مشتمل 8 گاڑیاں اور پی سی آر ڈبلیو آر کو ایک گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے۔

بدھ کو یہاں منصوبے کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینیٹر محمد صابر شاہ اور سینیٹر کیشو بائی مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری اے ای ڈی ثمر احسان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی سعدیہ ثروت، جمہوریہ کوریا کے سفیر پارک کی جون، کوئیکا کے کنٹری ڈائریکٹر ژئیون جی ہو اور یو این او پی ایس پاکستان کی کنٹری منیجر جنینیفر انکروم خان نے شرکت کی۔

مہمان خصوصی سینیٹر محمد صابر شاہ نے اس منصوبے کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی کی تیز اور درست جانچ کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے، یہ اقدام دور دراز علاقوں اور ہنگامی حالات میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، سب کے لئے محفوظ اور صاف پانی کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے عزم کا اظہار ہے۔ کوریا کے سفیر پارک کی جون نے اس موقع پر کہا کہ واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں خوشی ہو رہی ہے۔

کوریا کی حکومت مختلف شعبوں بالخصوص پانی کے شعبہ میں حکومت پاکستان کی مدد جاری رکھے گی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ پراجیکٹ پانی کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنائے گا اور اس سے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔

یو این او پی ایس کی کنٹری منیجر برائے پاکستان جینیفر انکروم خان نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی لاکھوں لوگ پینے کے صاف اور محفوظ پانی تک رسائی کے بغیر زندگی گذار رہے ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے پیدا ہونے والی بیماریاں جیسے ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس وغیرہ پھیلتی ہیں اور بچوں میں غذائی قلت کا باعث بنتی ہیں۔ پاکستان کے عوام کو پینے کے صاف پانی تک رسائی میں مدد فراہم کرنے کے لئے حکومت پاکستان بالخصوص وزارت موسمیاتی تبدیلی کو فراہم کئے جانے والے کوئیکا کے فراخدلانہ تعاون پر ہمیں خوشی ہے۔

منصوبے کے تحت کوئیکا اور یو این او پی ایس نے پائیدار ترقیاتی اہداف پر پیشرفت میں حکومت کو مدد فراہم کی ہے۔ اچھی صحت اور بہبود، صاف پانی اور صفائی ستھرائی حکومت پاکستان کے وژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک برائے پاکستان 2023-2027 کے مطابق ہے۔