سپین کے قومی فٹبال ٹیم کے کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ٹیم کی حکمت عملی بھی مکمل طور پر تیار ہے
کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کا بڑا اعلان،فیفا ورلڈ کپ کے لئے ہسپانوی سکواڈ تیار

مزید خبریں
میڈرڈ۔21مئی (اے پی پی):سپین کے قومی فٹبال ٹیم کے کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی سکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ٹیم کی حکمت عملی بھی مکمل طور پر تیار ہے۔شنہوا کے مطابق ہسپانوی کوچ نے سابق کھلاڑی ماریو سواریز کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ سکواڈ کا اعلان آئندہ پیر کو سپینش لا لیگا کے آخری مرحلے کے میچوں کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ چند نئے کھلاڑیوں کو بھی قومی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ تین گول کیپرز کو سکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ لوئس ڈی لا فونٹے نے کہا کہ زخمی کھلاڑیوں لامین یامال، نیکو ولیمز اور میکل میرینو کی سکواڈ میں شمولیت کے امکانات روشن ہیں، چاہے وہ ابتدائی میچوں میں مکمل فٹ نہ ہوں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یورو 2024 میں دانی اولمو بھی انجری کے باوجود ٹیم کا حصہ تھے اور بعد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ہسپانوی کوچ کے مطابق کوچنگ سٹاف ہر ہفتے تقریباً 60 میچز کا جائزہ لیتا ہے اور سال میں 180 دن سفر میں گزارتا ہے تاکہ کھلاڑیوں اور حریف ٹیموں کی کارکردگی پر نظر رکھی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سپینش ٹیم کی سب سے بڑی طاقت اتحاد اور خاندانی ماحول ہے، جس نے یورپی چیمپئن شپ میں ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔








