کھرکھر برادرن نواز شریف اور مریم نواز کے اے ٹی ایمز ہیں ،پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

46

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا نواز شریف کے منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا بڑا حصہ ہیں، کھرکھر برادرن نواز شریف اور مریم نواز کے اے ٹی ایمز ہیں جن کا طعنہ وہ دوسروں کو دیا کرتے تھے، یہی لوگ ہمیشہ شریف فیملی کے کچن سے لیکر ضمانتی مچلکے تک جمع کرواتے آئے ہیں، تحریک انصاف حکومت نے قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واگزار کرا کے قوم کے اربوں روپے کی ریکوریاں کی ہیں جس سے پاکستان کے وفادار خوش، نواز شریف اور ان کے وفادار تڑپ رہے ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین پاکستان آنے پر بہت خوشی محسوس ہوئی ہے، سوا سال میں پوری دنیا نے جو تباہی دیکھی اس کا تدارک ہونے جا رہا ہے، اللہ پاک پاکستان سمیت پوری دنیا کو اس مہلک وبا سے نجات دلائے۔ کنول شوذب نے کہا کہ پاکستان کے اوپر اللہ نے خاص مہربانی کی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نے بہترین انداز سے وبا کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں اتنی تباہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرتے رہے ہیں اسی لئے مافیا کی ان سے وفاداریاں زیادہ تھیں، یہ لوگ ہمیشہ شریف خاندان کیلئے کام کرتے رہے ہیں اور نواز شریف بھی اقتدار میں آ کر سرکاری زمینیں ان کے حوالے کر کے انہیں نوازتے آئے ہیں، اسی لئے سپریم کورٹ نے انہیں سیاسی مافیا کہا تھا۔ کنول شوذب نے کہا کہ کھرکھر برادران بڑا قبضہ مافیا ہے جس نے ناجائز اور غیرقانونی طور پر سرکاری زمینوں کے علاوہ بیوائوں کی زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے، انہی لوگوں نے مریم نواز کی تاج پوشیاں کیں اور انہیں لاکھوں روپے مالیت کے بیگز گفٹ کئے، لاہور انتظامیہ نے کھرکھر برادران کے محل سے 45 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی تو اس کے بعد ان لوگوں نے اسمبلی کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، ماضی میں جمہوریت کے نام پر جو تماشا لگا ہوا تھا اب وہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کو مرحوم ہوئے سوا مہینہ ہو گیا ہے، اب چالیسواں بھی ہو گیا ہے،31 جنوری کو تو پی ڈی ایم نے استعفے دینے تھے اور مریم نواز کے بیانات موجود ہیں، ان لوگوں نے یو ٹرن نہیں بلکہ الٹی قلابازیاں کھائی ہیں، اب مولانا فضل الرحمان بھی کہہ رہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ضرور حصہ لیں گے، عوام نے ان لوگوں کو مسترد کر دیا کیونکہ عوام کبھی چند بدعنوان عناصر کی چوری بچانے کیلئے نہیں نکلتے۔ ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں اس لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جو چیزیں درآمد کرتے ہیں وہ مہنگی ہیں، باقی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔