کوئٹہ۔ 26 دسمبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں نادہندگان کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہے۔ اس سلسلے میں منگل کے روز بھی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کیسکوزرغون، سریاب اور سٹی ڈویژن میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس دوران96شنٹ اور ٹیمپرڈمیٹرز اُتارکر تبدیل کردئیے جن پر بعدازاں ڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کئے گئے ۔
نیزکارروائی کے دوران کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں مختلف نادہندگان کے 315برقی کنکشنز بھی منقطع کرلئے گئے جن میں گھریلو،کمرشل اور دیگر نجی صارفین شامل ہیں۔دریں اثناجاری مہم کے دوران کیسکوکوخاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس مہم کے مثبت اثرات باقاعدگی سے بل جمع کرانے والے صارفین کو پہنچ رہے ہیں۔اس سلسلے میں صو با ئی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میں تمام نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پرکارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
جس کے دوران مجموعی طورپراب تک صوبہ بھرمیں تقریباًایک لاکھ34ہزار313 نادہندہ صارفین سے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں 2 ارب 30 کروڑ13لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کرلی گئی ہے جن میں مختلف نادہندہ گھریلو، کمرشل اور دیگر نجی صارفین شامل ہیں۔اسی طرح کیسکونے صوبہ بھر کے تمام آپریشن سرکلز میں اب تک493 بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس تھانوں میں ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جاچکی ہیں۔