کیسکوکی کارروائیاں جاری ، 83ہزارنادہندگان سے ایک ارب58کروڑ39لاکھ روپے وصول، 423 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج

139

کوئٹہ۔ 17 نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف خصوصی مہم صوبہ کے تمام آپریشن سرکل میں تیزی سے جاری ہے جس میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کی جاچکی ہے۔

کیسکونے اس خصوصی مہم کے دوران اب تک تقریباً83ہزار نادہندہ صارفین سے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں ایک ارب58کروڑ39لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔ علاوہ ازیں اس جاری مہم میں اب تک صوبہ بھر کے1106بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مختلف تھانوں میں درخواستیں دائر کی جاچکی ہیں جس میں سے اب تک423 بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرزبھی رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

اس کے علاوہ بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 55 لاکھ90ہزاریونٹس جرمانہ کی مدمیں چارج کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک24کروڑ90 لاکھ روپے وصول بھی کئے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکوکی ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھرمیں بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ اس لئے کیسکو نے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکرتے جائیں اور بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریزکریں نیزبجلی چوروں کے خلاف اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔