کینسر کی ادویات کے 100 سے زائد خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی اور سینیٹری پیڈز پر تمام ٹیکسز مکمل طور پر ختم کرنے کی تجاویز

وفاقی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود اور صحت کی سہولیات کی منصفانہ فراہمی کے عزم کے تحت کینسر کے علاج کے لئے استعمال ہونے والے ادویات کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی اور خواتین کی صحت سے متعلق اشیاء پر سے تمام ٹیکسز مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود اور صحت کی سہولیات کی منصفانہ فراہمی کے عزم کے تحت کینسر کے علاج کے لئے استعمال ہونے والے ادویات کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی اور خواتین کی صحت سے متعلق اشیاء پر سے تمام ٹیکسز مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ کینسر جیسے موذی مرض کی وجہ سے پاکستانی خاندانوں پر پڑنے والے شدید مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے ادویات کی مقامی تیاری میں استعمال ہونے والے 100 سے زائد اقسام کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی زیرو کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کی صحت، وقار اور معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے سینیٹری پیڈز اور ان کی تیاری کے متعلقہ اشیاء پر سے ٹیکس ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کی اشیاء (Contraceptives) پر عائد ٹیکس بھی ختم کر نےکی تجویز دی گئی ہے۔