اوٹاوا۔27ستمبر (اے پی پی):کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے پارلیمان میں ایک سابق نازی فوجی کی کھلے عام تعریف کرنے پر ایوان زیریں دارالعوام کے سپیکر انتھونی روٹا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کےمطابق انہوں نے کابینہ کے اجلاس سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ یہ واقعہ دارالعوام اور کینیڈا کے عوام کے لیے شرمندگی کا باعث تھا اور میرے خیال میں سپیکر کو ایوان کے ارکان کی بات سننی چاہیے اور مستعفی ہوجانا چاہیے۔
وہ لبرل کابینہ کی پہلی رکن ہیں جنھوں نےسپیکر سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کابینہ کے اجلاس سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سپیکر انتھونی روٹا نے ذاتی طور پر معافی مانگی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اب اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ ایوان کے وقار کو کیسے یقینی بنایا جائے۔واضح رہے سپیکر انتھونی روٹا نے دو رز قبل اس واقعہ پر ایوان میں معافی مانگی تھی لیکن انھوں نے استعفی دینے کے بڑھتے ہوئے مطالبے کی مخالفت کی تھی۔