کیوبا نے ادویات، طبی سامان اور حیاتیاتی ادویات کی صنعت کے لیے درکار خام مال تک رسائی محدود کرنے والے امریکی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
کیوبا کا ادویات اور طبی سامان تک رسائی محدود کرنے پر امریکا کے خلاف احتجاج
مزید خبریں
ہوانا۔28اگست (اے پی پی):کیوبا نے ادویات، طبی سامان اور حیاتیاتی ادویات کی صنعت کے لیے درکار خام مال تک رسائی محدود کرنے والے امریکی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
شنہوا کے مطابق کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے کہا کہ ضروری طبی اشیا پر پابندیاں پہلے سے عائد امریکی اقتصادی پابندیوں اور توانائی کی ناکہ بندی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات میں مزید اضافہ کررہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پابندیوں اور سخت ناکہ بندی کے باوجود کیوبا کے سینٹر آف مالیکیولر امیونولوجی کے سائنسدانوں نے2C12 نامی ممکنہ طور پر مؤثر کینسر کے علاج کی دوا تیار کی ہے، جس کی خصوصیات عالمی سطح پر استعمال ہونے والی دوا پیمبرولیزوماب سے ملتی جلتی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس علاج کی تیاری کیوبا کے سائنسدانوں کی طبی شعبے میں خود کفالت کے حصول کی کوششوں کا ثبوت ہے، بالخصوص کینسر کے علاج میں جو ملک میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔کیوبا کی وزارت صحت نے بھی متعدد بار مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی پابندیاں کینسر کے علاج اور مقامی سطح پر ادویات کی تیاری کے لیے ضروری ادویات اور طبی سامان کی دستیابی متاثر کررہی ہیں۔







