کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے زیر اہتمام پہلا آئی جی خیبرپختونخوا انٹرا ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے زیر اہتمام پیر کو پہلا آئی جی خیبرپختونخوا انٹرا ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ٹورنامنٹ میں سی سی پی

پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے زیر اہتمام پیر کو پہلا آئی جی خیبرپختونخوا انٹرا ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ٹورنامنٹ میں سی سی پی ، ایس ایس پی آپریشنز اور تمام ڈویژنز کی ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں سی سی پی او ٹیم، ایس ایس پی آپریشنز ٹیم، سٹی ڈویژن، کینٹ ڈویژن، صدر ڈویژن، فقیر آباد ڈویژن، ورسک ڈویژن اور رورل ڈویژن کی ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جہاں پولیس کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، شاندار باؤلنگ، جارحانہ بیٹنگ اور عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔سیمی فائنل مرحلے میں سی سی پی او ٹیم اور ایس ایس پی آپریشنز ٹیم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا، فائنل مقابلے میں صدر ڈویژن ٹیم نے 184 رنز کا ہدف دیا جس پر سٹی ڈویژن کی ٹیم نے ہدف پورہ نہیں کیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر ڈویژن کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کے ساتھ فائنل اپنے نام کرلیا۔

اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پولیس کھلاڑیوں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں ایک ٹیم کامیاب ہوتی ہے، تاہم اصل کامیابی بہترین کھیل اور باہمی اتحاد میں ہے۔ سٹی ڈویژن کی ٹیم نے بھی فائنل میں بہترین مقابلہ کیا اور کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔سی سی پی او پشاور نے کہا کہ صحت مند اور متحرک زندگی کے لیے کھیلوں کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور پولیس کے درمیان ایسے مثبت اور صحت مند مقابلے باہمی روابط اور ٹیم سپرٹ کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ کھیل کے میدان سے سماج دشمن عناصر کو یہ واضح پیغام بھی ملتا ہے کہ پشاور پولیس ہر میدان میں متحد، پرعزم اور بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہے۔تقریب کے اختتام پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور فاتح ٹیم کو خصوصی ٹرافیاں پیش کیں، جبکہ شاندار کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات دینے کا بھی اعلان کیا۔