ضلع کیچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصو صی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے
کیچ میں پی سی بی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ضلع کیچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصو صی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے۔تقریب میں پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر و ٹورنامنٹ کے سرپرستِ اعلیٰ شہدوست دشتی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کے سابق صدر عبدالرحیم بلوچ، سپورٹس آفیسر کیچ غفار یوسف، سپورٹس آفیسر تمپ حبیب مراد، آل مکران تاجر اتحاد کے صدر اسحاق روشن دشتی، انجمن تاجران کیچ کے چیئرمین غلام اعظم دشتی، جمال مری سمیت سیاسی، سماجی، تعلیمی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ڈیلٹا اسکول تربت اور کیچ گرائمر سکول کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کھلا ڑ یوں، اساتذہ اور منتظمین میں بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ نوجوانوں میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو تلاش کرکے اسے نکھارنے اور مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سکول سطح کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کیچ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر شہدوست دشتی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے کہا کہ سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، جبکہ ایسے پرو گرام مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر و ٹورنامنٹ کے سرپرستِ اعلیٰ شہدوست دشتی نے کہا کہ ٹو رنامنٹ کا مقصد کیچ کے سکولوں میں موجود باصلاحیت کرکٹرز کو سامنے لانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کیچ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام پر بھی کام کرنے کا اعلان کیا، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو مقامی سطح پر کوچنگ، تربیت اور بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کے سابق صدر عبدالرحیم بلوچ نے کہا کہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام دور دراز علاقوں کے نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کیچ میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس کے تسلسل پر زور دیا۔واضح رہے کہ انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع کیچ کے 12 سرکاری و نجی سکولوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 8 سرکاری اور 4 نجی سکول شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا مقصد سکول سطح پر موجود باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں ضلعی، ریجنل اور قومی سطح تک آگے بڑھنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران کمنٹیٹر نثار ڈی سی نے برجستہ کمنٹری کے ذریعے تقریب کو مزید دلچسپ بنائے رکھا۔







