کراچی۔ 17 نومبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں،منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 94دکانداروں کا چالان کردیا جبکہ7لاکھ19ہزار500سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 10 دکانیں سیل کردیں۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اشیا خوردنوش کی سرکاری نرخ نامہ پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے بلا رعایت کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے اضلاع میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیلئے اقدامات کریں او رشہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے گرانفروشوں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں جس کی رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ عوام کو کسی بھی قیمت پر گرانفروشوں اور منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائیگا اور اس سلسلے میں مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو کسی بھی قسم کے دبائو میں آئے بغیر حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکنہ ریلیف دیا جائے گا۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ گزشتہ روز گرانفروشوں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون کے نتیجے میں 94دکانداروں کا چالان کرکے 7لاکھ 19ہزار500سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ10دکانیں سیل اورمتعدد دکانداروں کو وارننگ دی گئی۔ ضلع کورنگی میں 7دکانداروں کا چالان کرکے ایک لاکھ جرمانہ ،ضلع جنوبی میں 22دکانداروں کا چالان کرکے2لاکھ23ہزار روپے جرمانہ ،ضلع وسطی میں 13دکانداروں کا چالان کرکے2لاکھ3ہزار روپے جرمانہ ،
ضلع ملیر میں 16دکانداروں کا چالان کرکے 11ہزار جرمانہ عائد ،ضلع شرقی میں 11 دکانداروں کا چالان کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ ،ضلع غربی میں 14دکانداروں کا چالان54ہزار500روپے جرمانہ جبکہ ضلع کیماڑی میں11دکانداروں کا چالان کرکے 21ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے مزید کہا کہ شہری اپنی شکایات کمشنر کنٹرول روم نمبر 99203443یاریسکیو 1299پر درج کراسکتے ہیں تاکہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔