نیویارک ۔2 مارچ (اے پی پی) امریکی اشاعتی اور نشریاتی ذرائع ابلاغ نے گرفتار بھارتی پائلٹ کی حوالگی کی بھر پور کوریج کرتے ہوئے پاکستان کے جذبہ امن خیر سگالی کو سراہا ہے اور اسے دونوں جنوبی ایشیائی ہمسایہ ممالک کے درمیان خطرناک کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔سی این این نے واہگہ بارڈر پر پائلٹ کی حوالگی کے مناظر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نرنندر مودی کی جانب سے کشمیر کی متنازعہ سرحد پر کشیدگی بڑھانے کا بیان پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے بیان سے متضاد تھا، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات پر زور دیا ہے۔پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کو کشیدگی کم کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی خواہش کے اظہار کے طور پر دیکھے جانا چاہیے۔مﺅقر امریکی جریدہ وال سٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش سے پھر انکار کیا ہے۔نیویارک ٹائم نے اپنے مراسلے میں کہا کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کا پکڑا جانا بھارت کیلئے ایک ذلت آمیز واقعہ تھا۔امریکی اخبارات نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پیدا کئے گئے جنگی جنون کی بھی مذمت کی ہے۔فارن پالیسی میگزین میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا وار کریزی ہے جہاں صحافت جنگی جنون بنتی جارہی ہے۔بھارتی میڈیا بلخصوص نیوز چینلز پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔