احمدپورشرقیہ۔ 22 اپریل (اے پی پی):ڈی پی او اسد سرفراز خان کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ خیرپورٹامیوالی، تھانہ دھوڑ کوٹ اور تھانہ ہیڈ راجکاں پولیس نے شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 03 ملزمان سجاد لکھن، ساجد حسین اور منظور رام کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 100 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی۔اسی طرح تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ پولیس نے منشیات فروشی کے مرتکب 01 ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 420 گرام چرس برآمد کرلی۔
جبکہ اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے تھانہ صدر بہاول پور ، تھانہ عباس نگر اور سٹی یزمان پولیس نے 03 ملزمان عرفان سیال، حامد عرف حمزہ اور تنویر کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 02 عدد پسٹل 30 بور اور 01 عدد ریوالور 32 بور برآمد کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔اس موقع پر ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ جرم جیسا بھی ہو قانون سے کسی صورت بچ نہیں سکتا، سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جارہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔