گرین شرٹس 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ میں مدمقابل ہو گی

لندن ۔ 19 جون (اے پی پی)بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لندن میں کھیلے گی جس کی تیاری کے لئے پاکستان ٹیم بھرپور ٹریننگ میں مصروف
ہے۔ گرین شرٹس کو عالمی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے تاہم سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے جنوبی افریقہ سمیت چاروں میچز میں فتوحات حاصل کرنا ہوں گی۔ انگلینڈ میں رواں میگا ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے، اسی سلسلے میں پاکستانی ٹیم اپنا چھٹا اور اہم میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں نے اب تک صرف ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے، عالمی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ برابر اہمیت کا حامل ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔