گزشتہ دو سال میں وفاقی ترقیاتی ادارے کی 1141 ایکڑ اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے، وزارت داخلہ

گزشتہ دو سال میں وفاقی ترقیاتی ادارے کی 1141 ایکڑ اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے، وزارت داخلہ

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سال میں وفاقی ترقیاتی ادارے کی 1141 ایکڑ اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے۔پیر کو قومی اسمبلی کو وزارت داخلہ کی جانب سے وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کی تعمیل میں سی ڈی اے کی جانب سے سی ڈی اے اراضی پر تجاوزات کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد ریاستی اراضی کو غیر قانونی قبضے سے واگزار کرانا اور بعد ازاں ماسٹر پلان کے مطابق اس کی بحالی ہے۔ایوان کو بتایا گیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق سی ڈی اے نے گزشتہ دو سال کے دوران لینڈ مافیا سے 1141 ایکڑ اراضی واگزار کرائی۔

اس میں جی ٹی روڈ ترنول پر 74 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔سیدپور گائوں میں 46 ایکڑ اراضی پر غیرقانونی تعمیرات ختم کروائیں گئیں۔جی ٹی روڈ روات پر 12 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔کری روڈ پر 09 ایکڑ اراضی پر قائم مویشی باڑہ ختم کیا گیا۔پوٹھوہار ایونیو پر 07 کلومیٹر طویل حصے سے عارضی اور مستقل تجاوزات ختم کی گئیں۔ایوان کو بتایا گیا کہ آئی جے پی روڈ پر کچا سٹاپ کے مقام پر کباڑیوں سے 05 ایکڑ اراضی،سیکٹر ایف-10 کے گرین ایریا میں بیچنگ پلانٹ سے 05 ایکڑ اراضی،کورنگ دریا کے کنارے سے متصل راول ٹائون میں 07 ایکڑ اراضی،مارگلہ ٹائون میں 11 ایکڑ اراضی ،بری امام میں 612 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔ایوان کو بتایا گیا کہ سیکٹر جی-6 /1-4 میں آبپارہ جی ٹی ایس سٹینڈ کے عقب میں 03 ایکڑ اراضی،سیکٹر آئی-8، ڈی-12 اور جی-7 میں لوگوں کے لیے فٹ پاتھوں سے رکاوٹ بننے والے ڈھانچے ہٹا دیئے گئے۔ کارروائی تاحال جاری ہے۔