گزشتہ 24 گھنٹوں میں307 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ترجمان لیسکو

92
LESCO

لاہور۔9اپریل (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر307 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے140کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 15 کو گرفتار کرلیا گیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 9 کمرشل،2زرعی اور 296 ڈومیسٹک تھے۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو1 لاکھ 99 ہزار5 سو85یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 67 لاکھ24 ہزار26 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔اولڈ انارکلی کے علاقے میں کنکشن کو4 لاکھ 88 ہزار روپے،جوہر ٹان کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ روپے،شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں ایک ملزم کو 1 لاکھ 60 ہزارروپے اور مناواں میں ایک اور ملزم کو 99ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔انسداد بجلی چوری مہم کو204 روزمکمل ہوگئے ہیں،

اس دوران کل 71 ہزار8سو34ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 69ہزار2سو 53 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر29 ہزار1 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک8 کروڑ 77لاکھ 48 ہزار6سو6 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب30 کروڑ 42لاکھ 61 ہزار4 سو 47 روپے ہے۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔